پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کا مطالبہ، بیرسٹر گوہر کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کو خط لکھ کر ملک کے وسیع تر مفاد میں لانگ مارچ فوری طور پر ملتوی کرنے کی تجویز دے دی۔
29 ستمبر کو لکھے گئے خط میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بیرونی خطرات اور دہشت گردی میں اضافے کے پیش نظر احتجاج کو مؤخر کیا جائے، جبکہ وفاقی حکومت بعض ایشوز کو بنیاد بنا کر ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔
خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ریاست سے ٹکراؤ کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے۔ ان کے مطابق افغانستان سے ممکنہ حملہ وفاقی حکومت کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ کا جواز بن سکتا ہے، جبکہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون نہ کرنے کا بیانیہ بھی بنا رہی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے، جبکہ دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرکے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی کوشش بھی ممکن ہے۔
خط میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا مزید وزیراعلیٰ رہنا نقصان دہ قرار دیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں اور فیصل کریم کنڈی و امیر مقام کے درمیان اس حوالے سے اتفاق رائے کی بات کی جا رہی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے خط میں یہ بھی یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ماضی میں کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کیا تھا۔
انہوں نے پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ ان کی گزارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کے بجائے مذاکرات اور سیاسی حل کی راہ اختیار کی جائے۔