کویت میں وزٹ ویزا کو اقامہ میں تبدیل کرنے کے لیے 150 دینار فیس مقرر

کویت میں وزٹ ویزا کو اقامہ میں تبدیل کرنے کے لیے 150 دینار فیس مقرر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): کویت کی وزارتِ داخلہ نے وزٹ ویزا کو رہائشی اقامہ (ریذیڈنسی پرمٹ) میں تبدیل کرنے کے لیے 150 کویتی دینار کی نئی فیس مقرر کر دی ہے۔ نئے قواعد کا اطلاق سرکاری گزٹ میں اشاعت کے ساتھ ہی نافذ ہو گیا ہے۔
خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق یہ فیصلہ غیر ملکیوں کے اقامہ قانون کے انتظامی ضوابط میں ترمیم کے تحت کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ داخلہ کا فیصلہ نمبر 1091 برائے 2026 سرکاری گزٹ “کویت الیوم” میں شائع کیا گیا، جس کے بعد نئی فیس اور متعلقہ ضوابط نافذ العمل ہو گئے۔
نئے نظام کے تحت وہ تمام اہل غیر ملکی، جو قانونی شرائط پوری کرتے ہوئے وزٹ ویزا کو اقامہ میں تبدیل کرانا چاہتے ہیں، انہیں 150 کویتی دینار ادا کرنا ہوں گے۔ تاہم گھریلو ملازمین اور ان کے مساوی بعض دیگر کیٹیگریز کو اس فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
کویتی قوانین کے مطابق وزٹ ویزا کو اقامہ میں تبدیل کرنے کی سہولت صرف مخصوص حالات میں فراہم کی جاتی ہے اور اس کے لیے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی افیئرز کی منظوری سمیت تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل ضروری ہوگی۔
وزارتِ داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے ضوابط پر مکمل اور فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اقامہ اور امیگریشن کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور منظم بنانا، جبکہ رہائشی معاملات کے انتظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔