27 ستمبر کے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر متعدد موٹرویز اور اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد: 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج اور ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ نے متعدد موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آج 23 ستمبر کی رات 11 بجے سے مختلف مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی جائے گی۔
جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق M-1 پشاور موٹروے ہارون برج کے مقام سے بند رہے گی، جبکہ M-14 CPEC موٹروے کو تالاب/تاڑپ انٹرچینج کے قریب کانی برج، میانوالی پولیس کی حدود میں، بند کیا جائے گا۔
ایڈوائزری کے مطابق E-35 ہزارہ موٹروے برہان انٹرچینج کے قریب ہزارہ انٹرلِنک کے مقام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
اسی طرح N-5 جی ٹی روڈ اٹک خورد کے مقام سے، راولپنڈی–کوہاٹ روڈ خوشحال گڑھ کے مقام سے، جبکہ ایبٹ آباد–حسن ابدال روڈ جھاڑی کس چیک پوسٹ کے مقام سے بند رہے گی۔
دریں اثنا M-2 لاہور–اسلام آباد موٹروے پر بھی آج رات سے ہیوی ٹریفک اور ٹرکوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والی بھاری گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
حکام نے مسافروں اور عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفری منصوبہ بندی کریں اور زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔