ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ ٹیوولڈے گیبریمریم ایئر انڈیا کے سی ای او مقرر، پی آئی اے میں شمولیت کے لیے بھی بات چیت جاری تھی

ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ ٹیوولڈے گیبریمریم ایئر انڈیا کے سی ای او مقرر، پی آئی اے میں شمولیت کے لیے بھی بات چیت جاری تھی
دبئی: ایئر انڈیا نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیوولڈے گیبریمریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق ان کی تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کے سلسلے میں بھی ان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر مذاکرات جاری تھے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیوولڈے گیبریمریم عالمی ہوا بازی کی صنعت کی ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ایتھوپین ایئرلائنز کی قیادت کرتے ہوئے اسے افریقہ کی کامیاب ترین ایئرلائنز میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور عالمی سطح پر اس کے روٹس، فلیٹ اور آپریشنز کو نمایاں طور پر وسعت دی۔
گلف نیوز کے مطابق وہ ایئر انڈیا میں کیمبل ولسن کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور کمپنی کی تنظیم نو، جدید کاری اور عالمی توسیعی منصوبوں کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پی آئی اے کی نجکاری اور انتظامی اصلاحات کے تناظر میں ٹیوولڈے گیبریمریم کا نام نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر زیر غور تھا اور ان کے ساتھ بات چیت بھی جاری تھی، تاہم ایئر انڈیا کی جانب سے ان کی تقرری کے بعد پی آئی اے میں ان کی شمولیت کا امکان ختم ہو گیا ہے۔