امریکا میں پاکستانی سفیر کا کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ، پاک

امریکا میں پاکستانی سفیر کا کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ، پاک۔امریکا تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
شکاگو: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست انڈیانا میں معاشی سفارت کاری اور پاکستانی کمیونٹی سے روابط کے سلسلے میں کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
کیلڈرون ٹیکسٹائلز انڈیانا میں قائم ایک معروف کمپنی ہے، جو ہوٹلوں اور صحت کے شعبے کے لیے ٹیکسٹائل مصنوعات فراہم کرتی ہے۔ دورے کے دوران سفیر پاکستان نے کمپنی کے ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹری بیوشن سینٹر کا معائنہ کیا اور انہیں کمپنی کے آپریشنز، گوداموں، ملک گیر سپلائی نیٹ ورک اور پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
رضوان سعید شیخ نے پاکستان کے ساتھ کمپنی کے دیرینہ تجارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیلڈرون ٹیکسٹائلز اپنی ٹیکسٹائل مصنوعات کا ایک بڑا حصہ پاکستانی صنعت کاروں سے حاصل کرتی ہے، جو پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے اعلیٰ معیار، قابلِ اعتماد پیداوار اور عالمی مسابقتی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعاون کی ایک بہترین مثال ہے۔
سفیر پاکستان نے اس موقع پر حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جاری معاشی اصلاحات اور کاروبار دوست، شفاف پالیسیوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جائے گا اور مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو پاکستان کی جانب راغب کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری اداروں کے درمیان مضبوط روابط نئی تجارتی مواقع پیدا کرنے، دوطرفہ تجارت میں اضافے، جدت طرازی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان و امریکا کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔