برآمدی شعبوں کی معاونت کے لیے وزارت تجارت نے 10 ارب روپے مختص کر دیے، جام کمال خان

برآمدی شعبوں کی معاونت کے لیے وزارت تجارت نے 10 ارب روپے مختص کر دیے، جام کمال خان
اسلام آباد، 8 اگست: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اعلان کیا ہے کہ وزارت تجارت نے ٹیکسٹائل و ملبوسات کی صنعت سمیت دیگر برآمدی شعبوں کے لیے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اسکیموں کے تحت 10 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر تجارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ٹیکسٹائل، ملبوسات اور دیگر برآمدی شعبوں کے لیے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اسکیموں کے تحت 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
جام کمال خان نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے صنعتوں کو درکار مالیاتی سہولت اور لیکویڈیٹی بہتر ہوگی اور برآمد کنندگان اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کے قابل ہوں گے۔
وزارت تجارت کے مطابق منظور شدہ فنڈز برآمدی صنعتوں کو ضروری مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو جدید بنانے میں مدد دیں گے، جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کی عالمی منڈیوں میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے اور اپنی موجودگی وسعت دینے میں مدد ملے گی۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام حکومت کی جانب سے پاکستان کے برآمدی شعبوں کو مضبوط بنانے، صنعت کو سہولت فراہم کرنے اور پائیدار برآمدی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔