مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

17 اگست سے حج درخواستوں کی وصولی شروع، سرکاری سکیم کا کوٹہ ایک لاکھ 7 ہزار 526 مقرر

17 اگست سے حج درخواستوں کی وصولی شروع، سرکاری سکیم کا کوٹہ ایک لاکھ 7 ہزار 526 مقرر

17 اگست سے حج درخواستوں کی وصولی شروع، سرکاری سکیم کا کوٹہ ایک لاکھ 7 ہزار 526 مقرر

اسلام آباد: حج 2027 کے لیے سرکاری سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی، درخواستیں مقررہ کوٹہ مکمل ہونے تک پہلے آیئے، پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔

وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پیر کو وزارت مذہبی امور میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور حبیب بینک کے حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری سکیم کے تحت عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکھ 7 ہزار 526 مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شارٹ حج کے لیے 30 ہزار کا کوٹہ مختص ہے۔ سرکاری سکیم کا کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان حج 2027 کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی ہے۔ حج کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے تاکہ عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچایا جاسکے۔ عازمین گھر بیٹھے حج درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ درخواست جمع کراتے وقت حج اخراجات کی پہلی قسط وصول کی جائے گی جبکہ دوسری قسط اکتوبر کے پہلے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔ لانگ حج کا پیکج 12 لاکھ روپے جبکہ شارٹ حج کا پیکج 13 لاکھ روپے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نجی سکیم کے عازمین بھی پاک حج ایپ کے ذریعے نجی حج آپریٹرز کا انتخاب کرسکیں گے اور ادائیگی بھی پاک حج ایپ کے ذریعے ہی کی جائے گی۔ نجی حج آپریٹرز کے لیے بھی پاک حج ایپ کا استعمال لازمی ہوگا۔

حبیب بینک کے نمائندہ محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کو حج امور کی ذمہ داری ملنے پر خوشی ہے، عازمین کو ملک بھر میں حبیب بینک کی 1700 سے زائد برانچز پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری کے تحت عازمین سے کوئی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حج واجبات کریڈٹ کارڈ، ون لنک یا پی ایس آئی ڈی کے ذریعے جمع کرائے جاسکیں گے، جبکہ چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم بھی جمع کرائی جاسکے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج آپریشن میں شمولیت کے لیے تمام بینکوں نے درخواستیں دی تھیں تاہم مقررہ ڈیجیٹائزیشن کے معیار پر صرف حبیب بینک پورا اترا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حبیب بینک عازمین سے کوئی منافع وصول نہیں کرے گا۔

وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کا مقصد حج درخواستوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔ ماضی میں نجی حج سکیم کے عازمین سے فراڈ کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم نئے نظام میں پاسپورٹ آفس کے ڈیٹا سے بھی مدد لی جائے گی اور حج فارم جمع کرانے کا عمل آسان بنایا گیا ہے۔ حبیب بینک عازمین حج کو موبائل خدمات بھی فراہم کرے گا۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں