مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی

وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت کا حکم اختیار سماعت سے تجاوز ہے، اس لیے اس پر نظرثانی کی جائے۔ درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ علاج کے لیے شفاء اسپتال منتقل کرنے کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے 12 مارچ کو مسترد کردی تھی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔

وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض حالات میں قیدی کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے حکومت کی منظوری اور آئی جی جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی ضروری ہوتی ہے، جبکہ اسپتال منتقل کیے جانے والے قیدی کی پولیس نگرانی بھی لازم ہے۔

درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس میں قیدی کو جیل سے باہر اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔

درخواست کے مطابق آئین کا آرٹیکل 10 اے منصفانہ ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کا حق دیتا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ پہلے بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا ہے اور میڈیکل بورڈ متعدد مرتبہ ان کا علاج کر چکا ہے۔

وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ صحت سے متعلق معاملے پر فیصلہ کرنے سے قبل عدالت کو طبی ماہرین کی رائے لینی چاہیے تھی، جبکہ اس مقدمے کی پہلی سماعت کے موقع پر متعلقہ فریقین کو نوٹس بھی جاری نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی کا تمام طبی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں