آرمی چیف کی ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ سے ملاقات، تعلیم، ہنرمندی اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور

آرمی چیف کی ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ سے ملاقات، تعلیم، ہنرمندی اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس اسکول کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کے سیکیورٹی تناظر اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیے کو اپنانا چاہیے تاکہ وہ تیزی سے بدلتی اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں نوجوانوں کی جانب سے معلومات کا تجزیہ حقائق کی بنیاد پر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے جاری دورے کے دوران اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا۔
طلبہ نے پاکستان میں موجود وسیع امکانات اور مواقع کی بھی تعریف کی۔