نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی ن لیگی قیادت سے ملاقات، 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے پر مشاورت

نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی ن لیگی قیادت سے ملاقات، 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے پر مشاورت
لاہور: آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی و حکومتی صورتحال، حکومت سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
جاتی امراء میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہوئے، جبکہ اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق اور رکن اسمبلی عبدالرحمان آرائیں بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے آئندہ مراحل، کابینہ کی تشکیل اور صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کے پہلے 100 دنوں کے لیے اصلاحاتی منصوبہ نومنتخب وزیراعظم کے ساتھ شیئر کیا اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی پر زور دیا۔
نواز شریف نے صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں گڈ گورننس، عوامی خدمت اور ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی زور دیا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
نومنتخب وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے عوامی توقعات کے مطابق حکومت چلانے اور آزاد کشمیر میں بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔