پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے کے گ چارلس سے ملاقات کرے گی، عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کے تنازع کے بعد اہم پیش رفت

پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے کے گ چارلس سے ملاقات کرے گی، عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کے تنازع کے بعد اہم پیش رفت
لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم سے ملاقات کرے گی۔ شاہی محل کے مطابق یہ ملاقات انگلینڈ کے دورے کے دوران پہلے سے طے شدہ سرکاری مصروفیات کا حصہ ہے اور اس کا تعلق حالیہ کرکٹ تنازع سے نہیں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کنگ چارلس، جو دولتِ مشترکہ کے سربراہ ہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان وقفے میں پاکستانی مردوں کی ٹیسٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات کلیرنس ہاؤس کے باغات میں منعقد ہوگی۔
بکنگھم پیلس نے تصدیق کی ہے کہ کنگ چارلس کی پاکستانی ٹیم سے ملاقات سیریز شروع ہونے سے قبل ہی طے کرلی گئی تھی۔ شاہی محل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بادشاہ دولتِ مشترکہ کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان کی مردوں کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کریں گے۔
کنگ چارلس سے پاکستانی ٹیم کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب چند روز قبل سابق پاکستانی کپتان اور وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان کے ایک ٹی وی انٹرویو کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسکائی اسپورٹس کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا تھا۔
لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ کے دوران اسکائی اسپورٹس نے سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کیا تھا۔ انٹرویو سابق انگلش کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے کرکٹ مبصر مائیکل ایتھرٹن نے کیا تھا۔ دونوں بھائیوں نے اپنے والد کی صحت، جیل میں حالات اور ان کی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
انٹرویو نشر ہونے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسکائی اسپورٹس سے اعتراض کیا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق انٹرویو نشر ہونے کی صورت میں لارڈز ٹیسٹ سمیت انگلینڈ کا باقی دورہ ختم کرنے کا امکان بھی زیرِ غور آیا تھا۔
صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے برطانوی حکومت کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس سے رہنمائی حاصل کی تھی۔ تاہم تنازع کے باوجود پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز جاری رہی۔
پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے بعد میں کہا تھا کہ انہیں اور کھلاڑیوں کو انٹرویو کے معاملے پر کسی ممکنہ بائیکاٹ یا میدان میں واپس نہ آنے کے فیصلے کا علم نہیں تھا اور ٹیم کی توجہ صرف میچ پر تھی۔
کنگ چارلس سے ملاقات کا اعلان اس پس منظر میں بھی اہمیت رکھتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا انگلینڈ کا دورہ سیاسی طور پر حساس معاملے کے باعث خبروں میں رہا ہے۔ تاہم بکنگھم پیلس کے مطابق بادشاہ کی ٹیم سے ملاقات پہلے سے طے شدہ پروگرام کا حصہ ہے اور اسے حالیہ تنازع کے ردعمل یا کسی سیاسی رابطے کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 9 ستمبر سے ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا، جبکہ کنگ چارلس سے پاکستانی ٹیم کی ملاقات دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے درمیان وقفے کے دوران ہوگی۔