وزیراعظم شہباز شریف کا 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کا سرکاری دورہ، ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالیں گے

وزیراعظم شہباز شریف کا 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کا سرکاری دورہ، ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالیں گے
اسلام آباد، 31 اگست: وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صدر صادیر نورگوزوئیچ ژاپاروف کی دعوت پر 31 اگست سے 2 ستمبر 2026 تک تین روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم دورے کے دوران دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ بھی سنبھالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس کے موقع پر شریک ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ 31 اگست کو بشکیک میں ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
2 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دونوں رہنما تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دیں گے۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان گرمجوش اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی قربت اور جنوبی و وسطی ایشیا میں امن، رابطہ کاری اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم کا دورہ حالیہ اعلیٰ سطحی روابط سے پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید مستحکم کرنے، سیاسی خیرسگالی کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے اور پاکستان اور کرغزستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔