وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے
بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے تین روزہ دورے پر بشکیک پہنچ گئے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔بشکیک پہنچنے پر کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالیف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتا حی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے دوطرفہ ملاقات کریں گے،ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم کے دورہ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔