چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کا بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب آپریشن کی نگرانی

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کا بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب آپریشن کی نگرانی
اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے بارش کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سڑکوں، نشیبی علاقوں، انڈر پاسز، انٹرچینجز اور اہم شاہراہوں پر نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر ای الیون سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کا موقع پر جائزہ لیا اور متعلقہ افسران و فیلڈ ٹیموں سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ لی۔
سی ڈی اے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں نکاسی آب کے خصوصی آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ تیز بارش کے دوران شہر کے نشیبی علاقوں، انڈر پاسز، انٹرچینجز اور مرکزی شاہراہوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بارش کے پانی کی فوری نکاسی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینری اور خصوصی فیلڈ ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔

اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز پر پانی کی نکاسی کے لیے خصوصی ڈی واٹرنگ انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ نالوں، ڈرینز اور پانی کے گزرگاہوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جا رہا ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے ملبے، کچرے اور دیگر رکاوٹوں کو بھی ہٹانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی سخت نگرانی کریں اور بارش کے دوران اور بعد میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے نکاسی آب کے آپریشن کو مؤثر بنائیں۔
سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی متحرک ہیں، جبکہ بارش کے بعد صفائی، نکاسی آب اور بحالی کے کام بیک وقت جاری ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور پانی جمع ہونے والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا فوری شکایت کی صورت میں شہری سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی نمبرز *16* اور *1334* پر رابطہ کرسکتے ہیں۔