مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

آٹو اور سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری اسلام آباد کے تعمیراتی مسائل فوری حل کیے جائیں، تاجر رہنما

تصویر

آٹو اور سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری اسلام آباد کے تعمیراتی مسائل فوری حل کیے جائیں، تاجر رہنما

اسلام آباد: ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آٹو مارکیٹ آئی ٹین تھری کے صدر سلاور خان، جنرل سیکرٹری رانا محمد حسین اور سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری کے جنرل سیکرٹری حاجی ظفر اقبال نے آٹو اور سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری کے دیرینہ تعمیراتی مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ تقریباً 25 سال قبل لمیٹڈ آکشن کے ذریعے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے توسط سے دونوں مارکیٹوں میں پلاٹ الاٹ کیے گئے تھے۔ دونوں مارکیٹوں میں مجموعی طور پر 337 پلاٹ الاٹ ہوئے، جن میں سے تقریباً 90 فیصد پر تعمیرات مکمل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلاٹوں کی نیلامی کے وقت آکشن کی شرائط میں بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کی تعمیر کی اجازت شامل تھی اور بیسمنٹ پر کوئی علیحدہ فیس عائد نہیں کی گئی تھی۔ انہی شرائط کے مطابق بیشتر الاٹیز نے اپنے پلاٹوں پر تعمیرات مکمل کیں، تاہم اب باقی ماندہ پلاٹوں کی تعمیر کے لیے بلڈنگ کنٹرول سیکشن (بی سی ایس) کی جانب سے مبینہ طور پر 30 لاکھ روپے تک اضافی فیس طلب کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ آکشن کے وقت طے شدہ شرائط کو 25 سال بعد تبدیل کرکے پلاٹ مالکان پر لاکھوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ڈالنا مناسب نہیں۔ اگر بیسمنٹ کی تعمیر اصل آکشن اور الاٹمنٹ کی شرائط کا حصہ تھی تو اس پر نئی یا اضافی فیس عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اصل آکشن ریکارڈ اور شرائط کی روشنی میں معاملے کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جائے۔

سلاور خان، رانا محمد حسین اور حاجی ظفر اقبال نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول سے متعلق معاملات میں تاجروں کو غیر ضروری دفتری رکاوٹوں اور تاخیر کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تعمیراتی نقشوں کی منظوری اور دیگر متعلقہ امور کا طریقۂ کار آسان، شفاف اور یکساں بنایا جائے تاکہ تاجروں کو بلاوجہ دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل بی سی ایس خالد آصف سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے 25 سال قبل ہونے والی آکشن کی اصل شرائط اور ریکارڈ کی جانچ کرائیں اور بیسمنٹ پر عائد کی جانے والی اضافی فیس ختم کرائیں۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ آٹو مارکیٹ اور سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری اسلام آباد کی اہم کاروباری مارکیٹیں ہیں، جہاں سینکڑوں تاجر اور کاروباری ادارے کام کر رہے ہیں۔ مارکیٹوں کے دیرینہ تعمیراتی مسائل حل ہونے سے تاجروں کو ریلیف ملنے کے ساتھ کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے بی سی ایس حکام سے مطالبہ کیا کہ آٹو اور سٹیل مارکیٹ کے نمائندوں کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرکے تمام معاملات اصل آکشن شرائط کی روشنی میں حل کیے جائیں اور باقی ماندہ پلاٹوں کی قانونی تعمیرات کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں