مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، سکیورٹی، تعلیم، صحت، ماحولیات، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صدر صادیر ژاپاروف نے بدھ کو معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے نمائندوں نے پہلے سے طے شدہ دستاویزات کا باہمی تبادلہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ کرغزستان کے دوران ہونے والی بات چیت اور آئندہ تعاون کے اہداف پر مشتمل مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ وزیراعظم تین روزہ دورے پر بشکیک پہنچے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026-27 کے لیے سفارتی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے، جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

پاکستان اور کرغزستان نے ٹرانزٹ تجارت کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی نقل و حرکت کو فروغ دینے کے لیے معاہدے کیے جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی مفاہمت ہوئی۔ دونوں ممالک نے حوالگی کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

دونوں حکومتوں نے فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے کا مسودہ بھی تیار کیا۔

پاکستان اور کرغزستان کی وزارت داخلہ کے درمیان منشیات، سائیکو ٹراپک مواد، پری کرسر کیمیکلز اور متعلقہ غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

کرغز وزارت صحت اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ دونوں ممالک کی وزارت تعلیم کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے بھی مفاہمت ہوئی۔

کرغزستان کی وزارت قدرتی وسائل، ماحولیات و تکنیکی نگرانی اور پاکستان کی وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان اور کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان تعلیمی تحقیق اور مشترکہ سرگرمیوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت بھی طے پائی۔

کرغزستان کے صدر کے ماتحت نیشنل ایجنسی فار ورچوئل ایسٹس اینڈ بلاک چین ٹیکنالوجیز اور پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور کرغزستان نے لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

او جے ایس سی کرغز پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان ڈاک اور ای کامرس کے شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے لیے دوطرفہ معاہدہ طے پایا۔

اسی طرح کرغزستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان دوطرفہ کاروباری روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے بھی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں