وزیراعظم شہباز شریف نے تجارتی سہولت کاری بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے تجارتی سہولت کاری بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد، 3 ستمبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں تجارتی عمل کو سہل بنانے اور سرحد پار تجارت میں غیر محصولاتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ٹریڈ فسیلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی، جس کی صدارت وہ خود کریں گے۔
وزیراعظم نے تجارتی سہولت کاری سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ بورڈ ملک کے مکمل تجارتی سپلائی چین کو بہتر بنانے اور سرحد پار تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے فیصلے کرے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ تیار کرے گا، ٹریڈ فسیلیٹیشن انڈیکس مرتب کرے گا اور پیش رفت کی نگرانی کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرے گا۔
وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے مختلف ورکنگ گروپس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بہتر بنانے، ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنانے، آمد سے قبل کلیئرنس کی سہولت فراہم کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی عالمی تجارت میں شرکت بڑھانے پر توجہ دیں گے۔
وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر نقل و حمل، کلیئرنس اور دیگر طریقہ کار کو آسان بنانے اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے نتیجے میں بندرگاہوں کے چارجز میں کمی آئی ہے، جس سے بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بحری جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلیئریشن جمع کرانے کی سہولت میں مسلسل توسیع کی جا رہی ہے، جس سے کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔