دولتِ مشترکہ نے زیک گولڈ اسمتھ کو ’جواب‘ دے دیا، عمران خان کے حوالے سے خط پر زیک مایوس

دولتِ مشترکہ نے زیک گولڈ اسمتھ کو ’جواب‘ دے دیا، عمران خان کے حوالے سے خط پر زیک مایوس
لندن/اسلام آباد، 4 ستمبر: دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) سیکریٹریٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جیل میں نگہداشت، بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی سے متعلق برطانوی ایوانِ بالا کے رکن لارڈ زیک گولڈ اسمتھ کے خط کا باضابطہ جواب دے دیا ہے۔
کامن ویلتھ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوے نے 2 ستمبر 2026 کو اپنے خط میں لارڈ زیک گولڈ اسمتھ کی 22 اگست کی درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹریٹ اپنے رکن ممالک میں جمہوریت، حکمرانی، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی سے متعلق موصول ہونے والی رپورٹس اور خط و کتابت کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔
کامن ویلتھ کے مطابق وہ اپنے چارٹر میں درج اصولوں اور مشترکہ اقدار کی پاسداری کے لیے پاکستان کے ساتھ تعمیری سفارتی رابطہ اور گفتگو جاری رکھے ہوئے ہے۔
کامن ویلتھ کے جواب پر لارڈ زیک گولڈ اسمتھ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے ردِعمل میں انہوں نے کہا کہ بطور سابق وزیر برائے کامن ویلتھ وہ اس نوعیت کے سفارتی جواب کی نوعیت سے بخوبی واقف ہیں۔
زیک گولڈ اسمتھ کے مطابق ایسے جوابات بظاہر شائستہ سفارتی زبان میں ہوتے ہیں، تاہم عملی طور پر ’’کچھ نہ کرنے‘‘ کے مترادف ہوتے ہیں۔
اپنے 22 اگست کے خط میں لارڈ زیک گولڈ اسمتھ نے کامن ویلتھ چارٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ رکن ممالک سے عدلیہ کی آزادی، انسانی حقوق اور قیدیوں کے منصفانہ سلوک سمیت بنیادی اصولوں کی پاسداری کی توقع کی جاتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کو ان کے ذاتی معالجین اور آزاد طبی پینل تک رسائی فراہم نہیں کی جا رہی۔
لارڈ زیک گولڈ اسمتھ نے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے منصب اور سفارتی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد، عمران خان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور منصفانہ عدالتی عمل کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔