مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

سیلابی صورتحال: ریلوے ہائی الرٹ، سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، حنیف عباسی کا حکم

سیلابی صورتحال: ریلوے ہائی الرٹ، سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، حنیف عباسی کا حکم

سیلابی صورتحال: ریلوے ہائی الرٹ، سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، حنیف عباسی کا حکم

اسلام آباد، یکم اگست: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور افسران و عملے کی تمام ہفتہ وار چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے ریلوے ٹریک، مسافروں کی حفاظت اور ٹرین آپریشنز کی بلا تعطل بحالی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ حکام کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر نے ملک بھر کے تمام فیلڈ دفاتر میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو متاثرہ علاقوں میں ریلوے ٹریک، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی مرمت اور بحالی کے کام کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران ہر وقت الرٹ رہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ وہ خود افسران کی کارکردگی کی براہ راست نگرانی کریں گے اور عوامی شکایات کے ازالے یا فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے احکامات کے بعد ریلوے حکام کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلوے کے تمام کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر فعال رہیں۔ وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ وہ کسی بھی وقت اچانک مختلف ریلوے تنصیبات اور دفاتر کا معائنہ کر کے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہنگامی حالات میں عوام کی خدمت غیر معمولی جذبے کے ساتھ انجام دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ نااہلی یا غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حنیف عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ، ان کی سہولت اور ٹرین آپریشنز کی مکمل بحالی وزارت ریلوے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ ریلوے انفراسٹرکچر اور ٹرین سروسز کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل، افرادی قوت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے تاکہ ریلوے نظام کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں