آرمی چیف سید عاصم منیر کا بدلتے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی اپنانے پر زور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔
آرمی چیف کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب، بدلتے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی اپنانے پر زور
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے منگل کے روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے، جس کے پیش نظر اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بدلتے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی حکمت عملی اور استعدادِ کار کو ازسرِ نو مرتب کر رہی ہیں۔ فیلڈ مارشل نے این ڈی یو جیسے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور ذیلی روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا تاکہ ملک کی داخلی سلامتی اور معاشی ترقی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحد پار سے آنے والی دہشت گردی کو ریاست اپنی پوری قوت سے کچل دے گی اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارغ التحصیل افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کے اصولوں پر کاربند رہنے کی تلقین کی۔
اس سے قبل این ڈی یو پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے کیا۔