Fwd

———- Forwarded message ——— From: NaqshDigital Date: Fri, 21 Aug 2026, 18:07 Subject: As is To: , dostnews.com@gmail.com ,
پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا مفت اجرا، نادرا نے سہولت متعارف کرا دی
اسلام آباد: نادرا نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے مفت اجرا کی سہولت فراہم کردی ہے۔
نادرا کے مطابق پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے، جبکہ موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنر کی جانب سے خاندان کا کوئی فرد بھی یہ سرٹیفکیٹ بنوا سکے گا۔
یہ سہولت ملک بھر میں 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز، 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز میں بھی مفت دستیاب ہوگی۔ نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے مطابق موبائل رجسٹریشن وین، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے بھی پنشنرز کو پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزارت داخلہ، وزارت دفاع، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے اشتراک سے نادرا نے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کردیا ہے۔
نادرا کے مطابق نیشنل پنشنرز رجسٹر پنشنرز کی شناخت اور پروف آف لائف کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہوگا، جبکہ مجاز بینک اسی رجسٹر کے ذریعے پنشنر کا پروف آف لائف اسٹیٹس براہ راست چیک کرسکیں گے۔
نادرا نے بتایا کہ اگر کسی پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم میں درج ہوتی ہے تو متعلقہ پنشن کنٹرولر کو خودکار طور پر اطلاع مل جائے گی۔ اسی طرح ثانوی یا خاندانی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی سے بھی متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
پنشن جاری رکھنے، اس میں تبدیلی کرنے یا اسے بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی۔
نادرا کے مطابق ڈیجیٹل تصدیق کے نظام کے ذریعے پنشنرز کو بار بار ذاتی طور پر حاضر ہونے اور کاغذی تصدیق کے مراحل سے گزرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
نادرا نے کہا ہے کہ مستقبل میں دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔