حج 2027 کیلئے مختص سرکاری نشستیں سات دنوں میں مکمل ہوگئیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ سرکاری سکیم حج 2027 کے لیے مختص تمام نشستیں صرف سات روز کے قلیل عرصے میں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، 20 سے 25 روزہ شارٹ حج پیکیج کی نشستیں تو پہلے 24 گھنٹے کے اندر ہی بک ہو گئی تھیں، جبکہ لانگ حج پیکیج کی باقی نشستیں بھی 25 اگست کو دوپہر 12 بجے تک مکمل کر لی گئیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کوٹہ مکمل ہونے تک تاحال جاری ہے۔
ڈیجیٹل نظام کا کامیاب تجربہ
سرکاری حج سکیم 2027 میں متعارف کرایا گیا نیا ڈیجیٹل نظام، تیز رفتار بکنگ کا عمل اور عوام کا بھرپور اعتماد، حج انتظامات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ سرکاری حج سکیم کی تمام نشستیں صرف سات روز میں مکمل ہونا ایک تاریخی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حج واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع ہوا تھا۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کردہ ڈیجیٹل حج پلیٹ فارم نے بکنگ کے عمل کو نہ صرف آسان بنایا بلکہ اسے انتہائی موثر بھی ثابت کیا۔ عوام کا اعتماد اور جدید سہولیات پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے حج کے تمام مراحل مکمل کرنے کی سہولت میسر رہی۔ ڈیجیٹل نظام کے باعث حج درخواستوں اور واجبات کی وصولی کا عمل پہلے سے زیادہ منظم، شفاف اور تیز رفتار رہا ہے۔ سرکاری حج سکیم کی تمام نشستوں کا اس ریکارڈ مدت میں مکمل ہونا وزارت مذہبی امور اور نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔ مختصر مدت میں سرکاری حج کوٹہ کا مکمل ہونا وزارت مذہبی امور پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں حج انتظامات کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ حکومت پاکستان کے اس اقدام کو عازمینِ حج نے بھی سراہا ہے اور اسے ایک شفاف عمل قرار دیا ہے۔