محکمہ موسمیات کی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ محکمہ موسمیات نے ایک اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ کی رات اور جمعرات کے روز خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔ حالیہ بارشوں کے پیش نظر کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں۔
موسمی صورتحال اور نقصانات کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کی پیش گوئی
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ جمعرات کے روز بھی ان علاقوں سمیت جنوب مشرقی سندھ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کا امکان بھی موجود ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا ریکارڈ
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 190 ملی میٹر، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 172، نارووال 151، منڈی بہائوالدین 140، حافظ آباد 96، گجرات 95، لاہور سٹی 78، چکوال 70، جھنگ 66، اوکاڑہ 64 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 61 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں مالم جبہ 67، چراٹ 55 اور کالام میں 36 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ ریکارڈ کیا گیا۔ بدھ کو سبی اور دالبندین میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔