دیہی اسلام آباد کے زون فور اور فائیو کی 65 یونین کونسلز میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی منظوری

دیہی اسلام آباد کے زون فور اور فائیو کی 65 یونین کونسلز میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی منظوری
اسلام آباد: سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت کے زون فور اور زون فائیو کے دیہی علاقوں میں جامع سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت دونوں زونز کی 65 یونین کونسلز کو منظم صفائی کے مربوط اور موثر نظام میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں سی ڈی اے نے دیہی اسلام آباد کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی کچرے کی وصولی، منتقلی اور تلفی کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ نے بھی دیہی اسلام آباد کے لیے جامع سالڈ ویسٹ ڈسپوزل پلان کی منظوری دے دی ہے۔
منصوبے کے تحت زون فور اور زون فائیو میں روزانہ تقریباً 342 ٹن کچرے کی مینجمنٹ کی جائے گی، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 1,610 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ کچرے کی صفائی اور منتقلی کے لیے 103 مختلف اقسام کی مشینری استعمال کی جائے گی۔
بنی گالا، غوری ٹاؤن، لہتڑار اور دیگر دیہی علاقوں میں باقاعدہ کچرا اٹھانے کا نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ دیہی اسلام آباد میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا جدید نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، جس سے شہریوں کو صفائی سے متعلق درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
کچرے کی منتقلی اور تلفی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے روٹ آپٹیمائزیشن اور جی پی ایس ٹریکنگ کا استعمال کیا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے پورے نظام کی مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے نگرانی کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت یونین کونسل کی سطح پر صفائی کی کارکردگی کی روزانہ رپورٹ تیار کی جائے گی، جبکہ صفائی کے عملے کی ڈیجیٹل حاضری اور فیلڈ ڈپلائمنٹ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ فیشل مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ سیف سٹی کے ذریعے بھی صفائی کے نظام کی موثر نگرانی کی جائے گی۔
شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے بھی تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صفائی کے نظام کو موثر اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنایا جا سکے۔
دیہی علاقوں میں طویل روٹس اور تنگ سڑکوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منی ٹپرز اور ہینڈ کارٹس بھی استعمال کیے جائیں گے تاکہ ایسے علاقوں میں بھی کچرا اٹھانے کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
سی ڈی اے کے مطابق جدید صفائی کا نظام ترکی کی معروف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی معاونت سے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد دیہی اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے موجودہ خلا کو ختم کرکے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کا مربوط نظام قائم کرنا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد کا کوئی علاقہ صفائی کے معاملے میں نظرانداز نہیں ہوگا اور شہریوں کو بہتر صفائی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔
شہریوں نے چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کے فیصلے اور دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ کی باقاعدہ ڈسپوزل کے عملی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صفائی اور فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جس سے وفاقی دارالحکومت کو مزید صاف، خوبصورت اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔