سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، اقتصادی و زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، زرعی، آبی وسائل اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور اب دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ دیرینہ تعلقات کو مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مثبت تعاون، خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا تاکہ ان امور پر مزید بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق ملک، جنید انوار چوہدری، ڈاکٹر سید توقیر شاہ، بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔