میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا پراپرٹی ٹیکس بلز 10 کاروباری دنوں میں جاری کرنے کا اعلان

میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا پراپرٹی ٹیکس بلز 10 کاروباری دنوں میں جاری کرنے کا اعلان
اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو نے مالی سال 2026-27 کے پراپرٹی ٹیکس بلز کے اجراء کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے باعث رہائشی، کمرشل، صنعتی اور ادارہ جاتی جائیدادوں کے پراپرٹی ٹیکس بلز 10 ورکنگ ڈیز کے اندر جاری ہونا شروع ہو جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو کے مطابق ٹیکس دہندگان کی سہولت اور بلنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے باعث ہونے والی تاخیر کے پیش نظر مالی سال 2026-27 کے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر ریبیٹ کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔ اب ریبیٹ کی مدت کسی سابقہ تاریخ کے بجائے پراپرٹی ٹیکس بل کے اجراء کی تاریخ سے شمار کی جائے گی۔
ایم سی آئی کے مطابق بروقت ادائیگی پر دستیاب اضافی 5 فیصد ریبیٹ بھی بل کے اجراء کی تاریخ سے مقررہ تاریخِ ادائیگی تک برقرار رہے گا۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو بل موصول ہونے، اس کی جانچ پڑتال کرنے اور مقررہ مدت کے اندر ادائیگی کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دستیاب ریبیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ سہولت رہائشی، کمرشل، صنعتی اور ادارہ جاتی تمام متعلقہ جائیدادوں پر لاگو ہوگی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو نے جائیداد مالکان اور ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ پراپرٹی ٹیکس بل موصول ہونے کے بعد مقررہ مدت کے اندر ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ قابلِ اطلاق ریبیٹ سے فائدہ اٹھایا جا سکے اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
ٹیکس دہندگان کی رہنمائی اور سوالات کے جوابات کے لیے رہائشی علاقوں سے متعلق معلومات کے لیے 9252823 اور 9253057 جبکہ کمرشل علاقوں کے لیے 9252498 اور 9252461 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو، ایم سی آئی نے کہا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو جدید، مؤثر، شفاف اور ٹیکس دہندگان کے لیے مزید سہل بنانے کے لیے بلنگ میکانزم کو جدید خطوط پر استوار اور اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
ایم سی آئی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور اسلام آباد میں شہری و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے لیے پراپرٹی ٹیکس کی بروقت ادائیگی میں تعاون کریں۔