وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پاکستانی بندرگاہوں کی بہتری میں اہم پیش رفت

وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پاکستانی بندرگاہوں کی بہتری میں اہم پیش رفت
اسلام آباد: وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے پاکستانی بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور بندرگاہی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اصلاحات، جدید سہولیات اور مؤثر انتظامی اقدامات کے ذریعے بندرگاہی سرگرمیوں اور تجارتی عمل کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
بندرگاہی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کی غرض سے عالمی معیار کا خصوصی تربیتی ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس کے ذریعے جدید بندرگاہی آپریشنز کے لیے تربیت یافتہ اور ماہر افرادی قوت تیار کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت بندرگاہوں، آف ڈاک ٹرمینلز، کسٹمز اسٹیشنز اور تجارتی نظام کی سالانہ اور اچانک بنیادوں پر معائنہ کاری کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ بندرگاہی معائنہ گاہوں میں جدید سہولیات اور محفوظ ماحول کی فراہمی سے کارگو ہینڈلنگ کی رفتار اور مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کی تجویز ہے۔

کسٹمز رولز کے تحت معائنہ مراکز کی اپ گریڈیشن، 24 گھنٹے آپریشن اور جدید اسکیننگ سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ جدید آلات، سی سی ٹی وی نگرانی اور بہتر سیکیورٹی انتظامات کے ذریعے کارگو معائنے کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بندرگاہی نظام میں آپریشنل مسائل کے حل کے لیے جدید پورٹیبل ویئنگ اسکیلز کی فراہمی، ان کی باقاعدہ کیلیبریشن اور ہائی ویلیو کارگو ایریاز میں توسیع کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اضافی سہولیات کی فراہمی اور بہتر انتظامی شیڈولنگ کے ذریعے بندرگاہوں پر کارگو ہینڈلنگ کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور دیگر متعلقہ ادارے بندرگاہی نظام کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔
بندرگاہی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انتظامی اصلاحات سے پاکستان کی تجارتی استعداد میں اضافے، کارگو کی تیز تر نقل و حرکت اور عالمی سطح پر ملکی مسابقت بہتر ہونے کی توقع ہے۔