کینیڈا میں ساحلوں کی صفائی کے لیے سولر روبوٹ متعارف، پلاسٹک آلودگی کے خلاف نئی ٹیکنالوجی

کینیڈا میں ساحلوں کی صفائی کے لیے سولر روبوٹ متعارف، پلاسٹک آلودگی کے خلاف نئی ٹیکنالوجی
اوٹاوا: کینیڈا میں ساحلوں سے پلاسٹک اور دیگر کچرا صاف کرنے کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والا برقی اور ریموٹ کنٹرول روبوٹ متعارف کرایا گیا ہے، جو صفائی کے ساتھ ساتھ پلاسٹک آلودگی کے بارے میں آگاہی اور ماحولیاتی تحقیق میں بھی معاون ثابت ہورہا ہے۔
دی ویدر نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق BeBot نامی روبوٹ گریٹ لیکس کے ساحلی علاقوں میں ریت کو چھان کر پلاسٹک کے ٹکڑے، کھانے کی پیکنگ، سگریٹ کے ٹکڑے اور دیگر کچرا الگ کرتا ہے، جبکہ صفائی کے بعد چھنی ہوئی ریت دوبارہ ساحل پر بچھا دی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق BeBot ایک گھنٹے میں تقریباً 3 ہزار مربع میٹر ساحل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ریت کی سطح سے تقریباً 4 ملی میٹر گہرائی تک موجود کچرا بھی نکال سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے گریٹ لیکس کے ساحلوں سے اب تک 43 ہزار سے زائد کچرے کے ٹکڑے جمع کرکے ان کی درجہ بندی کی جاچکی ہے۔
گریٹ لیکس پلاسٹک کلین اپ کے مطابق 2025 کے دوران خطے کے مختلف مقامات سے تقریباً 32 ہزار 500 پلاسٹک اور دیگر کچرے کے ٹکڑے جمع کیے گئے، جن کا مجموعی وزن 42 کلوگرام سے زیادہ تھا۔ اندازے کے مطابق ہر سال تقریباً ایک کروڑ کلوگرام پلاسٹک گریٹ لیکس میں شامل ہوتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیم پولوشن پروب کی چیف ایگزیکٹو میلیسا ڈی ینگ کے مطابق BeBot کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ ریتیلے ساحلوں پر بھی مؤثر طریقے سے صفائی کرسکتا ہے، جہاں روایتی کچرا اٹھانے والی مشینیں زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹ کا مقصد صرف ساحل سے کچرا ہٹانا نہیں بلکہ عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ ساحل پر روبوٹ کو کام کرتے دیکھ کر لوگ اس کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں اور پلاسٹک کے کچرے کے جھیلوں تک پہنچنے کے ذرائع سے آگاہ ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گریٹ لیکس میں پلاسٹک کے چھوٹے ذرات اور مائیکرو پلاسٹکس کی موجودگی ماہرین کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جھیل اونٹاریو میں پانچوں بڑی جھیلوں کے مقابلے میں پلاسٹک کی اوسط مقدار مسلسل زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
BeBot کے ساتھ PixieDrone نامی ریموٹ کنٹرول آبی ڈرون بھی استعمال کیا جارہا ہے، جو پانی کی سطح پر تیرنے والے کچرے کو جمع کرتا ہے۔ اس طرح کینیڈا میں ساحلوں اور آبی ذخائر دونوں سے پلاسٹک آلودگی ختم کرنے کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔