پاکستان اور جائیکا کا ترقیاتی شراکت داری مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان اور جائیکا کا ترقیاتی شراکت داری مزید وسعت دینے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، افرادی قوت کی مہارتوں میں اضافہ، ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا، جس میں جائیکا کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے جاری ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان کے طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ترجیحی شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ جائیکا کی سات دہائیوں پر محیط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کی جانب سے تقریباً 11.7 ارب امریکی ڈالر کی سرکاری ترقیاتی معاونت نے پاکستان میں توانائی، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت، آبی وسائل، صحت، تعلیم اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
احد چیمہ نے جائیکا کو مین لائن ون (ایم ایل-1) ریلوے منصوبے کی مشترکہ مالی معاونت پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور دیگر ترقیاتی شراکت دار پہلے ہی اس اہم منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل-1 کی جدید کاری سے پاکستان کا ٹرانسپورٹ نظام مضبوط ہوگا، تجارت کو فروغ ملے گا، صنعتی روابط بہتر ہوں گے اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی سے ملکی اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی جائیکا کے تعاون کی درخواست کی تاکہ ڈیجیٹل رابطے بہتر ہوں اور فری لانسرز، کاروباری افراد اور ای کامرس کے شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
احد چیمہ نے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز کی تیاری میں جائیکا کے تعاون کی بھی درخواست کی اور کہا کہ معیاری منصوبہ بندی سرمایہ کاری کے حصول اور منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے ناگزیر ہے۔
جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے کہا کہ فزیبلٹی اسٹڈیز جائیکا کی بنیادی مہارتوں میں شامل ہیں اور ادارہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایم ایل-1 منصوبے کو جائیکا کے آئندہ منصوبوں میں شامل کرنے پر بھی غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر نے وفد کو حکومت کی اقتصادی اصلاحات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طویل المدتی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگراموں کے تحت پاکستان نے تمام مقداری اہداف کامیابی سے حاصل کیے ہیں اور ملکی معیشت استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
جائیکا کے صدر نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور جائیکا کے درمیان مضبوط شراکت داری ملک کی جامع اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔