امریکی ناظم الامور کی وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

امریکی ناظم الامور کی وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، 5 اگست: پاکستان میں تعینات امریکا کی ناظم الامور (Chargé d’Affaires) نیٹلی بیکر نے بدھ کو وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان امریکا دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے خطے اور دنیا میں سلامتی کی تازہ صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر کہا کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مسلسل رابطوں اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔