مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاکستان اور بیلاروس میں تجارت، مالیاتی تعاون اور افرادی قوت کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور بیلاروس میں تجارت، مالیاتی تعاون اور افرادی قوت کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور بیلاروس میں تجارت، مالیاتی تعاون اور افرادی قوت کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور افرادی قوت کے شعبے میں روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے مالیاتی سہولیات اور عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا، جس میں پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور صدر بیلاروس کے درمیان خوشگوار تعلقات نے دونوں ممالک کے باہمی روابط کو نئی جہت دی ہے اور اعلیٰ قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں سے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارتی لین دین کو آسان بنانے اور کاروباری برادری کے لیے مؤثر مالیاتی نظام وضع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ مالیاتی ادارے اور تکنیکی ماہرین مقامی کرنسی میں ادائیگیوں سمیت باہمی طور پر قابل قبول متبادل مالیاتی نظام پر مشاورت جاری رکھیں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ مؤثر مالیاتی نظام دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو تجارت کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زراعت، کھاد، انجینئرنگ مصنوعات، ٹریکٹرز، بھاری مشینری، توانائی اور غذائی اجناس کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ملاقات میں افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بیلاروس کے سفیر نے بتایا کہ بیلاروس میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ہنر مند افرادی قوت کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دونوں ممالک نے شفاف بھرتی کے نظام، مہارتوں کے مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دے کر پاکستانی کارکنوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے بیلاروس کی انجینئرنگ اور صنعتی صلاحیتوں، خصوصاً ٹریکٹرز، ٹرکوں اور زرعی مشینری کی تیاری کے شعبوں کو سراہتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں بیلاروس کے وزیر کے آئندہ دورۂ پاکستان اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ ملاقاتوں کو عملی تعاون، تجارتی مسائل کے حل اور اقتصادی شراکت داری کے نئے شعبوں کی نشاندہی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر جام کمال خان نے بیلاروس کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مضبوط تعلقات مستقبل میں بھی پاکستان اور بیلاروس کے اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں