پاکستان آسیان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے، اسحاق ڈار

پاکستان آسیان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد، 8 اگست: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں آسیان کے کلیدی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور علاقائی امن، سلامتی، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے آسیان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
آسیان کے 59ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے آسیان کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کِم ہورن کو بھی علاقائی تعاون، استقامت اور خوشحالی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی قیادت اور کوششوں پر مبارکباد دی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آسیان ڈے اتحاد، یکجہتی اور تعاون کے اس پائیدار جذبے کی عکاسی کرتا ہے جس نے جنوب مشرقی ایشیا کی اقوام کو باہم متحد کیا ہے۔ پاکستان اس اہم دن کے موقع پر آسیان ممالک کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم علاقائی انضمام اور اجتماعی ترقی کی ایک قابلِ ذکر مثال بن چکی ہے، جس نے اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور سفارتی روابط کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آسیان ڈے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیا کے بھرپور ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام، عدم مداخلت اور تعمیری روابط کے اصولوں کے لیے مشترکہ وابستگی پر استوار ہیں۔ پاکستان نے آسیان کی قیادت میں قائم مختلف مکالماتی طریقہ کار میں فعال شرکت کی ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آسیان کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری آسیان ریجنل فورم میں فعال شرکت کے ذریعے مزید مستحکم ہوئی ہے، جہاں پاکستان علاقائی امن، سلامتی اور تعاون کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال کے موجودہ دور میں آسیان کا اتحاد، مکالمے، باہمی مفاہمت اور پُرامن تعاون کے لیے اس کا ثابت قدم عزم خصوصی طور پر قابلِ تحسین ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا پختہ یقین ہے کہ جامع بات چیت، باہمی اعتماد اور بین الاقوامی تعاون مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے مؤثر ترین ذرائع ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مربوط خطے کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے آسیان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔