پاکستان اور جنوبی کوریا سیپا معاہدے کے قریب، سیئول تجارتی کانفرنس میں 6 کاروباری مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور جنوبی کوریا سیپا معاہدے کے قریب، سیئول تجارتی کانفرنس میں 6 کاروباری مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور جنوبی کوریا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) کی تکمیل کے مزید قریب آگئے، سیئول میں منعقدہ پاکستان۔کوریا تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس میں دونوں ممالک کے 170 سے زائد کاروباری افراد نے شرکت کی جبکہ پاکستانی اور کوریائی کمپنیوں کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیپا مذاکرات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کا جلد آغاز متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے کی تکمیل سے قبل کانفرنس کے پلیٹ فارم کو ٹھوس کاروباری شراکت داری قائم کرنے کے لیے استعمال کریں۔
کانفرنس میں 91 کوریائی اور 82 پاکستانی کاروباری افراد نے شرکت کی، جن میں جنوبی کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندے اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود بھی شامل تھے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے حکام نے شرکاء کو پاکستان کی برآمدی صلاحیت سے آگاہ کیا، جس میں ٹیکسٹائل و ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، جراحی و کھیلوں کا سامان، زرعی و غذائی مصنوعات، معدنیات اور آئی ٹی سروسز شامل ہیں۔
کاروباری ملاقاتوں کے دوران پاکستانی کمپنیوں نے کوریائی کمپنیوں کے ساتھ نمک، کاسمیٹکس، تیل اور تل کے بیجوں کی تجارت سمیت مختلف شعبوں میں 6 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ توقع ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشتیں مستقبل میں حتمی تجارتی معاہدوں کی بنیاد بنیں گی۔
کانفرنس کا انعقاد پاکستان بزنس ایسوسی ایشن آف کوریا اور سیئول میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانے کا کمرشل ونگ کوریائی سرمایہ کاروں اور تجارتی شراکت داروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بطور مرکزی رابطہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ سیپا معاہدے کی تکمیل کے بعد پیدا ہونے والی کاروباری سرگرمیوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مارچ 2027 میں سیئول میں ایک اور تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔