ڈی آر کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ڈی آر کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق
راولپنڈی، 21 اگست: جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبوے جولز نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبوے جولز نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔
جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی مقامی پیداوار اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا۔