مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین بحال کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین بحال کرنے کا اعلان

جھنگ (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان، جھنگ، سرگودھا روٹ پر ٹرین سروس بحال کرنے کا افتتاح کرتے ہوئے ریلوے کے آٹھ مزید روٹس اپ گریڈ کرنے، چین سے جدید ٹرینیں حاصل کرنے اور جھنگ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے کارگو ٹرین سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جمعہ کو جھنگ صدر ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سروس کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کے اس اہم مسئلے کی جانب وزیراعظم کی توجہ مبذول کرائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر اس کی منظوری دی۔

ترقیاتی منصوبے اور مستقبل کا لائحہ عمل

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی سیاست میں کارکردگی اور عملی خدمت کا تصور پس منظر میں چلا گیا ہے تاہم انہیں فخر ہے کہ وہ پاکستان کی خدمت اور ترقی کے لیے کام کرنے والے گروپ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی کا کریڈٹ جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو مسلسل اجاگر کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے راولپنڈی، لاہور روٹ کے علاوہ مزید آٹھ روٹس کو اپ گریڈ کرے گا تاکہ مسافروں کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے نئی ٹرینیں حاصل کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے جن میں تقریباً ایک ہزار مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ کے دونوں مطالبات تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ میں ڈرائی پورٹ کی تیاری کا عمل شروع کیا جائے اور پاکستان ریلوے اس سلسلے میں کارگو ٹرین فراہم کرے گا جبکہ ایئرکنڈیشنڈ بوگی کی سہولت بھی دی جائے گی۔

قومی سلامتی اور مسلح افواج کا کردار

قومی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن، معمولات زندگی اور ترقی کا تسلسل ان جوانوں کی قربانیوں کا مرہون منت ہے جو اپنی جانیں وطن پر نچھاور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پراکسی عناصر کے ذریعے بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم پاکستانی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش نہ کریں تو اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں کی رونقیں بھی برقرار رکھنا مشکل ہو جائے۔

عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات

حنیف عباسی نے جھنگ میں صفائی کی صورتحال، بہتر سڑکوں، ستھرا پنجاب پروگرام اور گرین بسوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی اور شہری سہولیات میں بہتری دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی اور وہ ان اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے جی ڈی اے جھنگ کے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ پنجاب کے پسماندہ ترین اضلاع میں شمار ہوتا ہے جہاں روزگار کے محدود مواقع اور صحت کی سہولیات کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی سے علاقے کے عوام کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ روزگار، تجارت، تعلیم اور صحت کے مواقع تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر فیصل حیات جبوانہ، ایم پی اے بیگم عابد بشیر اور شیخ مکرم وحید سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں