مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

قیصر احمد شیخ کا بی ایف سی اسلام آباد کا دورہ، کارکردگی کا جائزہ

قیصر احمد شیخ کا بی ایف سی اسلام آباد کا دورہ، کارکردگی کا جائزہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکز کی ایک سالہ کارکردگی، کاروباری و سرمایہ کاری سہولت کاری اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو بی ایف سی کی ایک سالہ کارکردگی، کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، درخواستوں پر پیش رفت اور مستقبل میں سہولت کاری کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکومتی وژن اور کاروباری سہولت کاری

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بی ایف سی کا قیام کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر آسان، تیز اور مربوط سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری اور معیشت کے استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ بی ایف سی اسلام آباد نے اپنے قیام کے پہلے سال میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 20 اگست 2025ء سے 20 اگست 2026ء تک بی ایف سی میں کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 7,709 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔

سرمایہ کاری اور روزگار کے اعداد و شمار

اس عرصے کے دوران 6,896 رجسٹریشنز، لائسنسز، سرٹیفکیٹس اور دیگر اجازت نامے جاری کیے گئے، جبکہ 4,920 درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ بی ایف سی کی سہولت کاری سے 4,100 سے زائد نئے کاروباروں کو سہولت فراہم کی گئی، 6.6 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کو سہولت ملی اور 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع کی سہولت کاری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کاروباری برادری کو درپیش غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے بھی جامع اصلاحات پر کام کر رہا ہے۔

مستقبل کا لائحہ عمل

وفاقی وزیر نے کہا کہ بی ایف سی اسلام آباد کی ایک سالہ کارکردگی حوصلہ افزا ہے، تاہم آنے والے برسوں میں اس سے مزید بہتر پیش رفت کی توقع ہے۔ انہوں نے بی ایف سی میں قائم مختلف وزارتوں کے ڈیسکوں کا بھی دورہ کیا اور افسران کو مؤثر خدمات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر بی ایف سی کی کامیاب کارکردگی پر افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کے جاری کردہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مزید سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں