کویتی وزیر دفاع کی خواجہ آصف سے ملاقات، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا پروٹوکول معاہدہ 2026 طے

کویتی وزیر دفاع کی خواجہ آصف سے ملاقات، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا پروٹوکول معاہدہ 2026 طے
راولپنڈی، 27 اگست 2026: کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کویتی وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔
کویتی وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط کیے گئے، جس سے ’’دفاعی تعاون معاہدہ 2023‘‘ کے تحت قائم موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت اور تقویت ملے گی۔
نئے معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی، جن میں تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہیں۔
معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان طویل عرصے سے قائم دفاعی تعلقات کی بنیاد میں موجود باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں جانب سے باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔