سی ڈی اے کا اسلام آباد میں شاہراہوں کی کشادگی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری

سی ڈی اے کا اسلام آباد میں شاہراہوں کی کشادگی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری
اسلام آباد، 29 اگست: وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں اسلام آباد کو جدید، محفوظ، با سہولت اور بہترین مواصلاتی رابطوں کا حامل وفاقی دارالحکومت بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کا خصوصی فوکس اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر اور باہمی رابطوں کو بہتر بنانے، ٹریفک کے دباؤ اور رش میں کمی لانے، شہریوں کے سفری وقت کو کم کرنے اور سڑکوں کو مزید محفوظ بنانے پر ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کشادگی و توسیع منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی تازہ پیش رفت، تعمیراتی کام کے معیار اور مقررہ انجینئرنگ اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران اور منصوبے پر عملدرآمد کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی وضاحتوں، مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی صرف بروقت تکمیل کافی نہیں بلکہ تعمیراتی معیار، پائیداری، حفاظت اور فعالیت کے اعلیٰ ترین معیارات کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہری طویل عرصے تک ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔

سی ڈی اے کے مطابق اہم شاہراہوں اور روڈ کوریڈورز کی تعمیر، توسیع اور بہتری شہر کے روڈ نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس سے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز، رہائشی علاقوں، تجارتی مراکز اور داخلی و خارجی راستوں کے درمیان رابطے بہتر ہوں گے۔
بہتر روڈ انفراسٹرکچر کے ذریعے اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور غیر ضروری تاخیر کے خاتمے میں مدد ملے گی، جس سے شہری کم وقت میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔

سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف اہم مقامات پر انڈر پاسز، اوور ہیڈ برجز اور پیدل چلنے والوں کے لیے پلوں سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے بھی مکمل اور تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور پیدل چلنے والوں کو محفوظ راستے فراہم کرنا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے بڑھتے ہوئے ٹریفک حجم کو منظم اور مؤثر انداز میں سنبھالنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

ترقیاتی ایجنڈے میں شہریوں کی سہولت اور معیار زندگی میں بہتری کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ بڑے ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے ثمرات براہ راست عام شہریوں تک پہنچانے اور ان کے روزمرہ سفر کو آسان، محفوظ اور آرام دہ بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ان منصوبوں سے رہائشی اور تجارتی علاقوں تک رسائی بہتر ہونے، باہمی رابطوں میں اضافے اور شہریوں و سامان کی آمدورفت آسان ہونے سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے سڑکوں، شاہراہوں اور ٹریفک انفراسٹرکچر میں بہتری کے اقدامات کو سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے سفر کے دورانیے میں کمی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور مختلف علاقوں کے درمیان متبادل راستوں کی سہولت میسر آئی ہے۔
سی ڈی اے نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں انفراسٹرکچر کی ترقی، اسلام آباد کی خوبصورتی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور شہریوں کو درپیش دیرینہ مسائل کے فوری اور مؤثر حل پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق مستقبل میں بھی ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جن سے براہ راست شہری مستفید ہوں اور اسلام آباد کو جدید، ترقی یافتہ، خوبصورت، محفوظ اور عالمی معیار کے وفاقی دارالحکومت کے طور پر مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے۔