پمز نرسری سانحہ: مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں، نواز بسرا

پمز نرسری سانحہ: مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں، نواز بسرا
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اوورسیز کمیٹی کے چیئرمین چوہدری نواز بسرا نے پمز چلڈرن نرسری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت اور مؤثر بنائے جائیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بچوں کی زندگی اور صحت انتہائی قیمتی ہے، اس لیے اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں جان بچانے والی نرس کی بہادری ہمارے لیے رول ماڈل ہونی چاہیے اور وہ بلاشبہ تمغہ شجاعت کی حقدار ہیں۔
چوہدری نواز بسرا نے کہا کہ ہسپتالوں بالخصوص بچوں کے وارڈز اور نرسریوں میں سکیورٹی، نگرانی، طبی سہولیات اور حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری اور شفاف تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے لائے جائیں، جبکہ غفلت یا لاپرواہی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔