مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

اقتصادی رابطہ کمیٹی: ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6

اقتصادی رابطہ کمیٹی: ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 (تصویر 1)

اقتصادی رابطہ کمیٹی: ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب روپے کی منظوری

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ستمبر 2027 میں پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی نقل و حرکت کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی مد میں 6.6 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دے دی۔

ای سی سی کا اجلاس پیر کو وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں ہوا۔ اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 12.6 ارب روپے کے ٹی ایس جی کی منظوری کی سمری پیش کی گئی۔

تفصیلی غور و خوض کے بعد ای سی سی نے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6.6 ارب روپے کی منظوری دی اور کابینہ ڈویژن کو مزید گاڑیوں کی ضرورت کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے کہا کہ اضافی ضرورت ثابت ہونے کی صورت میں معاملہ دوبارہ پیش کیا جائے۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تمباکو کی فصل کے کم از کم اشارتی نرخوں اور مالی سال 2026-27 کے لیے سیس کی شرح میں نظرثانی سے متعلق سمری بھی زیر غور آئی۔ ای سی سی نے قرار دیا کہ تجویز کے لیے مزید ٹھوس جواز اور تجزیے کی ضرورت ہے، جس کے باعث سمری مؤخر کرتے ہوئے وزارت کو مزید قابلِ جواز تجزیے کے ساتھ دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی: ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 (تصویر 2)

ای سی سی نے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات کی بھی منظوری دے دی، تاہم وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تجویز کردہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی شرط عائد کی گئی۔

اجلاس میں فاطمہ فرٹ اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظام کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے 5 ارب روپے بطور سیڈ منی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی۔ یہ رقم ٹی ایس جی کے ذریعے فراہم کی جائے گی اور اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت برقرار رکھی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ (پی ایس آئی بی) پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو 30 ستمبر 2026 تک منصوبے پر خاطر خواہ پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سمیت متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں