تمام 6 خلیجی ممالک کا شینجن سٹائل سنگل ویزہ جلد شروع ہوگا، جنرل سیکرٹری خلیج تعاون کونسل

تمام 6 خلیجی ممالک کا شینجن سٹائل سنگل ویزہ جلد شروع ہوگا، جنرل سیکرٹری خلیج تعاون کونسل
ریاض: خلیج تعاون کونسل (GCC) کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان کے لیے مشترکہ سیاحتی ویزا جلد شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے غیر ملکی سیاح ایک ہی ویزے پر تمام 6 خلیجی ممالک کا سفر کرسکیں گے۔
ریاض میں سیکیورٹی اینڈ ہسٹری ڈائیلاگ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے جاسم البدیوی نے کہا کہ متحدہ سیاحتی ویزا خلیجی ممالک کے درمیان سیاحوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کے ساتھ خطے کو ایک مشترکہ سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے غیر ملکی سیاحوں کو ہر خلیجی ملک کے لیے الگ ویزا حاصل کرنے کی ضرورت کم ہوگی اور وہ ایک ہی سفر کے دوران خطے کے متعدد ممالک کا دورہ کرسکیں گے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے متحدہ سیاحتی ویزا کے اجرا کی حتمی تاریخ نہیں بتائی تاہم کہا کہ یہ منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ مجوزہ نظام کو یورپ کے شینجن ویزا کی طرز پر علاقائی سفری سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔
جاسم البدیوی نے خلیجی ممالک کے درمیان سفری سہولت بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ’ون پوائنٹ ایئر ٹریولرز‘ منصوبے کا بھی حوالہ دیا، جس کے تحت مسافر بحرین میں پاسپورٹ اور امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ابوظبی، دبئی، شارجہ اور دیگر متعلقہ مقامات پر پہنچ کر دوبارہ امیگریشن کے عمل سے گزرنے سے بچ سکیں گے۔