اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آج جمعرات کو شٹر ڈاؤن ہڑتال نہیں ہوگی، تمام مارکیٹیں کھلی رہیں گی، تاجر رہنما

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آج جمعرات کو شٹر ڈاؤن ہڑتال نہیں ہوگی، تمام مارکیٹیں کھلی رہیں گی، تاجر رہنما
اسلام آباد، 2 ستمبر: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ آج جمعرات کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کوئی شٹر ڈاؤن ہڑتال نہیں ہوگی اور تمام مارکیٹیں، تجارتی مراکز اور کاروباری ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری و چیئرمین ٹریڈرز مارکیٹ کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری، کراچی کمپنی کے صدر راجہ ذوالفقار، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین شاہ سمیت اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے آج ملک بھر میں دی جانے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال سے تاجر برادری کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور اپنے کاروباری و معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔ کسی سیاسی جماعت کے سیاسی ایجنڈے یا ہڑتال کا حصہ بننا تاجر برادری کا مقصد نہیں۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور تاجر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں اور اپنی دکانیں معمول کے مطابق کھولیں۔
خالد چوہدری نے کہا کہ ملک پہلے ہی شدید مہنگائی، کاروباری جمود، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں اور پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے جیسے سنگین معاشی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ملکی معیشت مزید ہڑتالوں اور کاروباری سرگرمیوں کی بندش کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار بند ہونے سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوں گے اور اس کا سب سے زیادہ نقصان چھوٹے تاجروں، دیہاڑی دار مزدوروں، ملازمین اور عام شہریوں کو ہوگا۔
راجہ ذوالفقار اور چوہدری وحید چیمہ نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ اپنے جائز معاشی اور کاروباری حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے، تاہم کسی سیاسی جماعت کی ہڑتال سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ترجیح کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل، معاشی استحکام اور روزگار کا تحفظ ہے۔
اسد عزیز اور سید الطاف حسین شاہ نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ معمول کی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں اور اپنی دکانیں کھلی رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں کاروبار کی بندش تاجروں اور عوام دونوں کے لیے نقصان دہ ہوگی۔
تاجر رہنماؤں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پر امن و امان برقرار رکھنے اور تاجروں، ملازمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آج اسلام آباد سمیت ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال نہیں ہوگی اور تمام مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔