او جی ڈی سی ایل اور بیکر ہیوز کے درمیان معاہدہ، پرانے تیل و گیس اثاثوں سے پیداوار بڑھانے پر اتفاق

او جی ڈی سی ایل اور بیکر ہیوز کے درمیان معاہدہ، پرانے تیل و گیس اثاثوں سے پیداوار بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد، یکم ستمبر: پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور امریکی انرجی ٹیکنالوجی کمپنی بیکر ہیوز کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس کا مقصد پرانے اور قدرتی طور پر پیداوار میں کمی کا شکار تیل و گیس کے اثاثوں سے پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت بیکر ہیوز اپنی جدید ٹیکنالوجی، تکنیکی مہارت اور مربوط صلاحیتوں کے ذریعے او جی ڈی سی ایل کے مچیور اثاثوں میں پیداوار بڑھانے کے مواقع کی نشاندہی اور پیداواری چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت کرے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب او جی ڈی سی ایل ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی، جس میں اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد اور پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک سمیت دونوں کمپنیوں کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق مچیور ایسٹس سلوشنز ایسے قائم شدہ آئل و گیس فیلڈز سے اضافی پیداوار حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی جہاں قدرتی طور پر پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ یہ شراکت داری کمپنی کی جامع پروڈکشن آپٹیمائزیشن ڈرائیو کا حصہ ہے، جس کا مقصد موجودہ پیداواری اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔
اس موقع پر احمد حیات لک نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل تیل و گیس کی پیداوار بہتر بنانے اور پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے کے لیے عالمی معیار کے سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بامعنی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ منصوبہ مؤثر انداز میں نافذ ہوگا اور کمپنی کے پرانے اثاثوں سے پیداوار بڑھانے میں مدد دے گا۔
اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصرالدین مشعود احمد نے کہا کہ یہ شراکت داری مقامی تیل و گیس کی پیداوار زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوششوں میں معاونت کرتے ہوئے پاکستان کی توانائی سلامتی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے معاہدے کو پاک امریکا توانائی شراکت داری میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی معاشی سلامتی کی بنیاد ہے اور او جی ڈی سی ایل اور بیکر ہیوز کا تعاون پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے میں معاون ہوگا۔
بیکر ہیوز کے گلوبل ڈائریکٹر مچیور ایسٹ سلوشنز طارق عبدالفتاح نے کہا کہ تعاون دونوں اداروں کے مشترکہ مقاصد کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے نئے استعمال کے امکانات تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
او جی ڈی سی ایل کے پاس 18 بڑے مچیور اثاثے ہیں، جن میں 12 آئل فیلڈز اور 6 گیس و کنڈینسیٹ فیلڈز شامل ہیں۔ کمپنی اس وقت روزانہ 40 ہزار بیرل سے زائد خام تیل، 815 ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ قدرتی گیس، 780 میٹرک ٹن ایل پی جی اور 80 میٹرک ٹن سلفر پیدا کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق بیکر ہیوز کے ساتھ شراکت داری موجودہ اثاثوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے، مقامی ہائیڈروکاربن پیداوار بڑھانے اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔