ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا تمام 32 ڈویژنز کو انتظامی یونٹ بنانے کا مطالبہ

ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کا تمام 32 ڈویژنز کو انتظامی یونٹ بنانے کا مطالبہ
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک کے تمام 32 ڈویژنز کو بااختیار انتظامی یونٹس میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سرجانی ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر ملک کے مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کسی صوبے کو تقسیم کرنے کی کوشش نہیں بلکہ عوام کو ان کے علاقوں میں بنیادی سہولیات اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ سندھ کے ساتوں ڈویژنز کو الگ انتظامی یونٹس بنایا جائے، جبکہ پنجاب میں 10 اور بلوچستان میں 8 انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں سے دور علاقوں میں پسماندگی اور احساس محرومی بڑھتا جارہا ہے، اس لیے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔
انہوں نے کراچی میں بنیادی شہری سہولیات کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس اور پانی کی قلت سمیت صنعتی علاقوں کی خراب صورتحال کے باعث کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما انیس قائم خانی نے بھی سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں لیکن انہیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔
جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے میر رضا علی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔