مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

این ڈی ایم اے میں غیر ملکی سفارتکاروں اور پاکستانی سفیروں کو جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام پر بریفنگ

این ڈی ایم اے میں غیر ملکی سفارتکاروں اور پاکستانی سفیروں کو جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام پر بریفنگ

این ڈی ایم اے میں غیر ملکی سفارتکاروں اور پاکستانی سفیروں کو جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام پر بریفنگ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اپنے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این ای او سی) میں غیر ملکی سفارتکاروں اور دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیروں کے لیے اعلیٰ سطح کا اسٹریٹجک بریفنگ سیشن منعقد کیا، جس میں پاکستان کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام، آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق وفد میں تاجکستان، میانمار، سری لنکا، عمان، اسپین، بنگلہ دیش، بوسنیا و ہرزیگووینا، اردن، انڈونیشیا، جرمنی، ہنگری، جاپان، تھائی لینڈ، کینیڈا اور ازبکستان کے سفرا اور سینئر سفارتکار شامل تھے، جبکہ مختلف ممالک میں تعینات 34 سے زائد پاکستانی سفیروں اور مشن سربراہان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران این ڈی ایم اے نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کی صلاحیتوں، پاکستان میں فعال اور پیشگی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور آفات کے خطرات میں کمی کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکا کو علاقائی تعاون، عالمی سطح پر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے نئے طریقہ کار اور جدید ڈیزاسٹر ارلی وارننگ سسٹمز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

شرکا کو “ڈیزاسٹر لینس 2026” کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا، جبکہ جامع بین الاقوامی فرضی مشقوں (Comprehensive International Simulation Exercises) کے ذریعے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مختلف مراحل کا جائزہ پیش کیا گیا۔ این ڈی ایم اے نے قومی قیادت، صوبائی حکومتوں، جامعات، امدادی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اپنے مربوط رابطہ نظام پر بھی روشنی ڈالی۔

اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) کے نمائندے نے شرکت کی، جبکہ کامسٹیک، اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او)، دولتِ مشترکہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے نمائندے آن لائن شریک ہوئے۔ ان اداروں کے نمائندوں نے موسمیاتی تبدیلی اور پیچیدہ آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون، علم کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

غیر ملکی سفارتکاروں نے این ڈی ایم اے کے جدید اور مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ آفات سے نمٹنے، ہنگامی ردعمل اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات اور پیچیدہ آفات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں