سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر

سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہونا چاہیے، حکومت کو اس معاملے پر پریشانی نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی نے ہر طرح کی انڈرٹیکنگ دی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بڑی مشکل اور طویل عرصے کی کوششوں کے بعد اس فیصلے تک پہنچے ہیں، اس لیے دونوں فریقین سے اپیل ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو سبوتاژ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت تحریک انصاف کے لیے اولین ترجیح ہے، صحت کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کو یقین دہانی کرائی گئی ہے اور پی ٹی آئی نے ہر طرح کی انڈرٹیکنگ دی ہے، اس لیے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسا کوئی اقدام نہ کریں جس سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر منفی اثرات مرتب ہوں یا معاملہ مزید پیچیدہ ہو۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہوگا اور تمام فریقین اس معاملے میں تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق معاملے کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھتے ہوئے انسانی اور طبی بنیادوں پر دیکھا جانا چاہیے۔