شام کے وزیر خارجہ 19 سے 20 اگست پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

شام کے وزیر خارجہ 19 سے 20 اگست پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ و تارکین وطن اسعد حسن الشیبانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر 19 سے 20 اگست 2026 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
شامی وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی دونوں جانب سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شامی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔