صدر ٹرمپ نے ہمارے ملک کا امریکی جھنڈے والا نقشہ کیوں شیئر کیا، آئس لینڈ میں امریکی سفیر طلب

صدر ٹرمپ نے ہمارے ملک کا امریکی جھنڈے والا نقشہ کیوں شیئر کیا، آئس لینڈ میں امریکی سفیر طلب
ریکیاوک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر آئس لینڈ کو امریکی پرچم میں دکھانے والا نقشہ شیئر کیے جانے پر آئس لینڈ نے امریکی سفیر بلی لانگ کو طلب کرلیا۔
آئس لینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ تھورگِردر کترین گنارسڈوتیر نے امریکی سفیر کو طلب کرکے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر مکمل طور پر نامناسب تھی۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر یہ نقشہ بغیر کسی وضاحت کے شیئر کیا تھا۔ نقشے میں امریکا کے علاوہ کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، میکسیکو، وسطی امریکا اور کیریبین کے علاقوں کو امریکی پرچم سے ڈھکا دکھایا گیا جبکہ پورے خطے پر ’’United States of America‘‘ درج تھا۔
امریکی سفیر بلی لانگ نے گزشتہ ماہ ہی آئس لینڈ میں باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی سفارتخانوں کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو امریکا کا حصہ بنانے یا حاصل کرنے کی خواہش کے بارہا اظہار کے باعث واشنگٹن اور ڈنمارک کے درمیان پہلے ہی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ گرین لینڈ ڈنمارک کی خودمختار علاقائی اکائی ہے۔
ٹرمپ کی متنازع پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی جب یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لاین نے گرین لینڈ میں 200 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے بھی کہا ہے کہ گرین لینڈ کی حکومت اور عوام بارہا واضح کرچکے ہیں کہ وہ امریکی نہیں بننا چاہتے۔