عطا اللہ تارڑ کی احسن اقبال سے ملاقات، پی ٹی وی کی ری ویمپنگ پر اتفاق

عطا اللہ تارڑ کی احسن اقبال سے ملاقات، پی ٹی وی کی ری ویمپنگ پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی، جس میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی ری ویمپنگ اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت پی ٹی وی کی اپ گریڈیشن، براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر کی بہتری اور قومی نشریاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی کی ری ویمپنگ کے منصوبے کی تکمیل کے لیے وزارت منصوبہ بندی کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی براہ راست نشریات کے لیے مقامی براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر قائم کرنا ضروری ہے، جبکہ پی ٹی وی کے ماسٹر کنٹرول رومز (MCRs) کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جانا چاہیے تاکہ قومی نشریاتی ادارہ عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر سکے۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن ایک قومی اثاثہ ہے اور حکومت اس کی بحالی، استعداد کار میں اضافے اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے قومی شناخت، ثقافتی اقدار اور قومی یکجہتی کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں پی ٹی وی کی استعداد کار میں اضافے، براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر کی بہتری اور قومی نشریاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دونوں وزارتوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔