عمران خان شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے معائنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل

عمران خان شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے معائنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں طبی معائنے اور مختصر قیام کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو سخت سکیورٹی میں اسپتال سے اڈیالہ جیل لایا گیا، جہاں انہیں دوبارہ ان کے سیل میں منتقل کردیا گیا۔ مختلف ذرائع نے بھی عمران خان کی جیل واپسی کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل عمران خان کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ یہ منتقلی سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے تحت کی گئی، جس میں عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
قبل ازیں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی حکم کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی تھی۔
بعد ازاں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے اور مختصر قیام کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔